لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے مقتول سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی جگہ نائب سربراہ نعیم قاسم کو منتخب کر لیا ہے۔
حزب اللہ نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ اس کی شوریٰ کونسل نے 71 سالہ نعیم قاسم کو سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے لیے اپنے قائم کردہ طریقۂ کار کے مطابق منتخب کر لیا ہے۔
نعیم قاسم کو 1991 میں عسکریت پسند تنظیم کے اُس وقت کے سیکریٹری جنرل عباس الموسوی نے حزب اللہ کا نائب سربراہ مقرر کیا تھا۔
سیکریٹری جنرل عباس الموسوی اگلے سال اسرائیلی ہیلی کاپٹر کے حملے میں مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ 27 ستمبر کو اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقوں پر شدید بمباری کی تھی اور اس حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ ہلاک ہو گئے تھے۔
حسن نصراللہ کے مارے جانے کے بعد ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نعیم قاسم کے ساتھ تنظیم کو چلا رہے تھے۔
رواں ماہ حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے میں مارے جانے کی تصدیق کی تھی۔
حسن نصر اللہ کے رشتہ دار ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے جہاد کونسل کے سربراہ تھے جو کہ گروپ کے تمام ملٹری آپریشن کے ذمہ دار تھے۔
ہاشم صفی الدین تنظیم کے ایگزیکٹیو کونسل کے بھی سربراہ تھے، جن کی ذمہ داری گروپ کی مالی اور انتظامی امور کی نگرانی ہے۔