امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی مداخلت کی وجہ سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایک ’بڑی ایٹمی جنگ‘ رکی ہے۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ایٹمی تنازع کو روک دیا۔ میرے خیال میں یہ ایک بری ایٹمی جنگ ہو سکتی تھی، لاکھوں لوگ مارے جا سکتے تھے۔ تو مجھے اس پر بہت فخر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے بہت فخر ہو رہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی قیادت غیرمتزلزل اور طاقتور تھی، اور وہ حالات کی سنگینی کو پوری طرح سمجھتے تھے۔ میں نے کہا چلو ہم آپ لوگوں کے ساتھ بہت زیادہ تجارت کرنے جا رہے ہیں۔ آئیے اسے روکیں، آئیے اسے روکیں۔‘
’اگر آپ اسے (لڑائی کو) روکتے ہیں تو ہم تجارت کر رہے ہیں۔ اگر آپ اسے نہیں روکتے ہیں تو ہم کوئی تجارت نہیں کریں گے۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’لوگوں نے تجارت کو اس طرح استعمال نہیں کیا جس طرح میں نے اسے استعمال کیا۔ اور اچانک انہوں (پاکستان اور انڈیا) نے کہا کہ ہم رکنے والے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان انڈیا دونوں کے ساتھ تجارت کو ’کافی حد تک‘ بڑھائیں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم دی ٹروتھ پر کی گئی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں ان دونوں عظیم ملکوں کے ساتھ تجارت کافی حد تک بڑھاؤں گا۔‘
سنیچر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ پر ہی پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔
اس کے بعد پاکستان اور انڈیا کے وزرائے خارجہ نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کر دی تھی۔