معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے طلاق کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد اپنے والدین کی 45 سالہ کامیاب شادی کی طرح اپنی شادی کامیاب بنانا تھا، جس میں ناکام رہا۔
گیٹس نے زندگی کے اہم فیصلوں کا خلاصہ کرتے ہوئے اظہار کیا کہ سابقہ اہلیہ میلنڈا سے طلاق کا فیصلہ زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، جس کا پچھتاوا تاحیات رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے تحمل مزاجی پر ہمیشہ میلنڈا کی حوصلہ افزائی کی، وہ میری والدہ کے مقابلے میں قدرے پرسکون رہیں۔
انہوں نے شادی شدہ دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میرا اور میلنڈا کا ایک ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، میں نے اپنے والد کے مقابلے میں بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارا، تاہم بطور ماں بچوں کے زیادہ تر کام میلنڈا کرتی تھیں۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اپنی پوری جوانی کسی ایک شخص کے ساتھ گزارنا پُرمسرت احساس ہے۔
طلاق پرمزید بات کرتے ہوئے گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ ان کی زندگی کا بےحد مشکل اور تکلیف دہ دور تھا۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں بل گیٹس امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن سے ملتے رہے، جن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کے لیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جیفری اپسٹن سے ملاقاتوں کی خبر سننے کے بعد ہی میلنڈا گیٹس نے شوہر سے 2019 میں ہی طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ایک اور رپورٹ میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ بل گیٹس مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوگئے تھے کہ کمپنی میں ان کے خلاف جاری تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوگئی تھی کہ 19 سال قبل ان کے ایک خاتون ملازم کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔