عرب وزرائے خارجہ نےفلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے منتقلی کو کسی بھی حالت میں مسترد کردیا۔
مصری دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے عرب مشاورتی اجلاس میں سعودی عرب کے وفد کی قیادت وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔
قاہرہ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں مصر، اردن، سعودی عرب قطر، متحدہ عرب امارات، فلسطینی اتھارٹی اور عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اور حکام نے کہا اس طرح کے اقدام سے خطے میں استحکام کو خطرہ ہوگا ، تنازعات پھیل جائیں گے اور امن کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔
غزہ پٹی سے اسرائیلی فورسز کے مکمل انخلا اور غزہ پٹی کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی نفی کرتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کیا گیا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ’ فلسطینی اتھارٹی کو مکمل ذمہ داریاں سنبھالنے کی اجازت دی جائے۔‘
اجلاس میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کا خیر مقدم کیا گیا۔
سعودی عرب اور فرانس کی سربراہی میں جون 2025 میں مسئلہ فلسطین اوردوریاستی حل کے لیے ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
مشاورتی اجلاس میں تنازعہ فلسطین اورغزہ کی تازہ ترین صورتحال اور جنگ بندی کو پائیدار بنانے کے علاوہ محفوظ طریقے سے پناہ گزینوں کی واپسی کے ساتھ امدادی کاموں تیز بنانے پر زوردیا گیا۔
اجلاس میں جنگ بندی کے حوالے سے مصر اور قطر کی کوششوں کو سراہا گیا۔ امریکہ کے اہم کردار کی بھی تعریف کی گئی۔