پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر علی امین کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔
منگل کو سابق وزیر اعظم پاکستان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب ہونے والے امیدوار علی امین گنڈاپور کی نامزدگی کا اعلان اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔
اڈیالہ جیل میں موجود سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کسی بھی سرکاری عہدیدار سے ملاقات کی تردید کی۔
علی امین گنڈاپور 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان جبکہ 2013 میں خیبر پختونخوا کی حکومت میں وزیر مال رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے لیے تین نام سامنے آئے تھے، ان ناموں میں مشتاق غنی، تاج محمد خان ترند اور علی امین گنڈا پور شامل تھے۔