پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کو پاکستان میں آئینی نظام کی تباہی کے عنوان سے ایک خط لکھا۔
عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں سپریم کورٹ سے اپنے تمام تر اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملک میں جاری ظلم و ستم کا سدباب کرنے اور عوام کی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے ایک یا اس سے زائد کمیشن قائم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے خط کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی منسلک کی گئی ہیں۔
349 صفحات پر مشتمل خط میں عمران خان نے کہا کہ میں نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران سپریم کورٹ میں متعدد درخواستیں دائر کیں جوکہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق اور انتخابی نظام کی خلاف ورزی سے متعلق تھیں، درخواستوں میں سپریم کورٹ سے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی استدعا کی گئی تھی، آئین پاکستان نے سپریم کورٹ کو تماشائی بننے کیلئے اختیارات نہیں دیئے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان جو ہم سے چاہتے ہیں وہ آرٹیکل184کی شق 3 سے متعلق ہے لہٰذا یہ معاملہ ججز آئینی کمیٹی و بھجوایا ہے اور اسے آئینی بینچ نے دیکھنا ہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا میں نے کمیٹی سے کہا اس خط کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں۔