امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے پہلے پہلے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے حتمی کوشش پر زور دیا ہے۔
انٹونی بلنکن نے نیوز کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے پاس موجود باقی وقت جو کہ دو ہفتے کا ہے، کے دوران اس کو مکمل کیا جائے۔
اسرائیل نے اپنے عہدیداروں کی ٹیم مذاکرات کے لیے قطر بھجوائی ہے جو کہ قطر اور مصر کی ثالثی میں ہو رہے ہیں۔
یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے کہ فریق بات چیت میں کہاں تک پہنچے ہیں، تاہم ایسے اشارے ملے ہیں کہ ان مطالبات میں تبدیلی لائی گئی ہے جن کی وجہ سے ایک سال سے زائد عرصے تک جنگ بندی کا معاہدہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا تھا۔
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ 20 جنوری کو ان کے عہدہ سنبھالنے سے قبل اگر غزہ میں حماس کی جانب سے سے یرغمال بنائے گئے افراد کو رہا نہ کیا گیا تو اس کی انتہائی ’بھاری قیمت‘ مشرق وسطیٰ کو چکانا پڑے گی۔
غزہ کے شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک اسرائیل کے حملوں میں 46 ہزار کے قریب فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے جواب میں غزہ میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا تھا جو اب تک جاری ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس کے حملے میں 12 سو افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 250 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔