غزہ کی پٹی میں جمعے کے روز جاری رہنے والے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 40 فلسطینی مارے گئے ہیں۔
طبی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں نصیرات کیمپ کے مرکزی حصے میں ہوئیں۔
طبی عملے کے ارکان نے بتایا کہ انہوں نے نصیرات کیمپ کے شمالی حصوں سے، جن کا شمار قدیم ترین علاقوں میں ہوتا ہے، 19 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی ہیں۔
جمعہ کو شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ باقی ہلاکتیں غزہ کی پٹی کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں ہوئیں۔
جمعہ کو اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ فوجی دستے غزہ کی پٹی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
نصیرات کے شمالی اور مغربی علاقوں میں اسرائیلی ٹینک جمعرات کو داخل ہوئے تھے۔ جبکہ وہ شمالی علاقوں سے جمعے کو واپس چلے گئے، لیکن کیمپ کے مغربی علاقوں میں وہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔