فلسطینی حکام کا کہنا ہے فتح اور عسکریت پسند تنظیم حماس جنگ کے بعد غزہ کے انتظامی منصوبے پر متفق ہوگئے ہیں۔
مجوزہ منصوبے میں اسرائیلی مقبوضہ مغربی کنارے پر حکومت کرنے والی فتح اور 2007 سے غزہ میں برسرِ اقتدار حماس نے غزہ کی انتظامیہ کے لیے سیاسی طور پر آزاد 15 ٹیکنو کریٹس پر مشتمل ایک کمیٹی مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔
فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد اس معاہدے پر عمل ہو گا۔
امریکہ، مصر اور قطر کئی ماہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے کوشاں ہیں تاہم تاحال اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔
امریکی اور دیگر حکام نے حالیہ دنوں میں امید ظاہر کی ہے کہ لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی۔