فرانسیسی پولیس نے ایک خطرناک قیدی کو فرار کروانے میں مدد کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پیرس کے پراسیکیوٹر لارے بیکو نے بتایا کہ ان 10 افراد پر ملزم امرا کو فرار کرانے میں معاونت کرنے کا الزام ہے
حکام نے ملزم امرا کو ’عوام کا دشمن نمبر ون‘ قرار دیا تھا، اس پر قتل اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات ہیں۔
مفرور ملزم کو اتوار کے روز رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں گرفتار کرلیا گیا ہے
پراسیکیوٹر لارے بیکو کا کہنا تھا کہ امرا نے بالوں کو کلر کرکے اپنی ظاہری حالت تبدیل کر لی تھی، اسے چہرے کی شناخت کے آلات اور فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کیا گیا۔
گزشتہ برس مئی میں امرا شمالی فرانس میں ایک جیل وین پر ہتھیاروں سے فوجی طرز کے حملے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔
حملے میں دو جیل اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔
فرانس نے 300 سے زیادہ تفتیش کاروں کو امرا کو تلاش کرنے کا کام سونپا تھا، 15 سال کی عمر سے اسے پرتشدد جرائم پر سزائیں ملتی رہی ہیں۔
رومانیہ کی پولیس نے بتایا کہ امرا کو بخارسٹ کے ایک شاپنگ سینٹر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا اور اسے مجسٹریٹ کے سامنے لایا جائے گا جو اس کی فرانس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرے گا۔