6
فرانس نے ملک کے تحقیقی اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے باعث امریکہ کو چھوڑنے والے سائنسدانوں کو یہاں کیسے لایا جا سکتا ہے۔
فرانس کے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے وزیر فلپ بپٹسٹ نے ملک کے اداروں کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ’بہت سے معروف محققین پہلے ہی امریکہ میں اپنے مستقبل پر سوال اٹھا رہے ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ہم فطری طور پر ان میں سے ایک مخصوص تعداد کا خیرمقدم کرنا چاہیں گے۔‘
فلپ بپٹسٹ نے فرانس کے تحقیقی اداروں سے منسلک محققین پر زور دیا کہ وہ اُن کو اس حوالے سے ٹھوس تجاویز بھیجیں کہ ’ترجیحی ٹیکنالوجی اور سائنسی شعبوں‘ میں کہاں اور کیسے افراد کی ضرورت ہے۔
رواں ہفتے فرانس کے جنوب میں ایک ماسیلے یونیورسٹی نے اعلان کیا کہ وہ امریکی محققین کے استقبال کے لیے ایک پروگرام ترتیب دے رہی ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو موسمیاتی تبدیلی پر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں صدر ٹرمپ کے دوسری مدت کے لیے وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد سے ان کی حکومت نے جان بچانے والی تحقیق کے لیے وفاقی فنڈز میں کٹوتی کر دی ہے جبکہ صحت اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر کام کرنے والے سینکڑوں وفاقی کارکنوں کو برطرف کر دیا ہے۔