متحدہ عرب امارات نے مظاہروں پر پابندی کے باجود 57 بنگلہ دیشی تارکین وطن کو اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر طویل قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے کہا کہ مبینہ مظاہروں میں حصہ لینے پر تین بنگلہ دیشی تارکین وطن کو عمر قید، دیگر 53 کو 10 سال قید اور ایک کو 11 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
ڈبلیو اے ایم کا کہنا ہے کہ ملزمان نے “جمعہ کو متحدہ عرب امارات کی کئی سڑکوں پر جمع ہو کر فسادات بھڑکا دیے تھے”، اس نے مزید بتایا ہے کہ انہیں قید کی مدت پوری ہونے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ الزامات ایک تیز رفتار تحقیقات کے بعد عائد کئے گئے، جس کا حکم جمعہ کو دیا گیا تھا۔
ایک گواہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ مدعا علیہان نے بنگلہ دیشی حکومت کے فیصلوں کے خلاف احتجاج میں متحدہ عرب امارات کی کئی سڑکوں پر بڑے پیمانے پر مارچ کا اجتماع کیا اور انہیں منظم کیا۔
بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ کے خلاف طلبہ کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں کے دوران 150 سے زائد افراد ہلاک اور 500 گرفتار ہو چکے ہیں۔