فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت-مشرق وسطیٰ-یورپ اکنامک کوریڈور (آئی ایم ای سی) پروجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ منصوبہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا مقابلہ کرنے کے لیے بذریعہ مشرق وسطیٰ بھارت اور یورپ کے درمیان ریلوے اور سمندری راہداری ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ہم آئی ایم ای سی پروجیکٹ کو موزوں دیکھتے ہیں اور مارسیل واضح طور پر پوری یورپی منڈی کے لیے داخلے کا مقام ہو سکتا ہے۔
اس پراجیکٹ کا مقصد انڈیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کو ریل اور بندرگاہوں کے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا ہے۔
اس منصوبے کے تحت مشرق وسطیٰ میں واقع ممالک کو ریل نیٹ ورک کے ذریعے جوڑا جائے گا جس کے بعد وہ سمندری راستے سے انڈیا سے منسلک ہوں گے۔ اس کے بعد اس نیٹ ورک کو یورپ سے جوڑا جائے گا۔
اس کے ساتھ یہ منصوبہ عالمی تجارت کے لیے جہاز رانی کا ایک نیا راستہ فراہم کر سکتا ہے کیونکہ اس وقت انڈیا یا اس کے آس پاس کے ممالک سے آنے والا سامان سویز نہر کے ذریعے بحیرہ روم تک پہنچتا ہے۔ اس کے بعد یہ یورپی ممالک تک پہنچتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مارسیلی کے جنوب میں واقع مزارگیس فوجی قبرستان میں پہلی جنگ عظیم کے دوران فرانس میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کو خراج عقیدت بھی کیا
اس کے بعد انہوں نے مارسیل میں بھارت کے نئے قونصلیٹ جنرل کا افتتاح کیا۔