جنوبی کوریا کی جیجو ایئر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے مہلک حادثے کے بعد ایئرلائن کو بڑے پیمانے پر فلائٹس کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جنوبی کوریا کی بجٹ ایئرلائن جیجو نے منگل کے روز اعلان کیا کہ اب تک 68 ہزار سے زائد مسافر اندرون اور بیرون ملک پروازیں منسوخ کروا چکے ہیں۔
جنوبی کویا کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے تک 33 ہزار سے زائد مقامی اور 34 ہزار کے قریب بین الاقوامی بکنگز منسوخ کروائی گئیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر بہت سی ٹریول ایجنسیوں نے اپنے ٹیلی ویژن اور آن لائن اشتہارات بھی روک لیے ہیں اور نئے سال کی چھٹیوں کی مناسبت سے پروموشنل اقدامات بند کر دیے ہیں۔
جیجو ایئر کے مطابق ’طیارے کے مہلک حادثے کے بعد ایک اور واقعے میں پیر کو جیجو ایئر کا اسی ماڈل کا طیارہ دوبارہ لینڈنگ گیئر کے مسئلے کا شکار ہوا جس کے باعث طیارے کو واپس ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔
جیجو ایئر کی پروازC1017 نے صبح 6 بج کر 37 منٹ پر جیمپو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری جس کے بعد اس کے لینڈنگ گیئر میں خرابی پائی گئی، ایئرلائن نے مسافروں کو مکینیکل خرابی سے آگاہ کیا اور صبح 7بج کر 25 منٹ پر پرواز کو جمپو ایئرپورٹ پر واپس لینڈ کیا۔
دوسری جانب پیر کو جیجو ایئر کے حصص میں 15 فیصد کمی بھی دیکھنے میں آئی اور اس کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر اے کے ہولڈنگز کے حصص میں بھی 12 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔
پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ اتوار کی صبح 9 بجے کے بعد شروع ہوا، جب جیجو ایئر کا طیارہ 7C2216 موآن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت تباہ ہو گیا تھا اور 181 مسافروں میں سے 179 ہلاک ہو گئے تھے۔