جاپان کی فٹبال ٹیم کے مڈفیلڈر کائشو سانو کو جنسی حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
چند ماہ قبل ان کے ٹیم کے ساتھی جونیا ایٹو کو بھی اسی الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
جنسی حملے کے الزام کے بعد ایٹو کو کچھ عرصہ قبل قطر میں ہونے والے ایشیا کپ میں شریک جاپانی ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔
جاپانی ریڈیو NHK کے مطابق 23 سالہ کائشو سانو کے علاوہ دو دیگر مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ان تینوں پر الزام ہے کہ انھوں نے دار الحکومت ٹوکیو کے ایک ہوٹل میں تیس سال سے زیادہ عمر کی ایک خاتون کو جنسی حملے کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون تینوں افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس سے رابطے میں رہی۔
کائشو سانو نے کچھ عرصہ قبل جرمنی کے مائنز فٹبال کلب کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ وہ قطر میں ہونے والے ایشیا کپ میں جاپانی ٹیم میں شامل تھے۔