دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اگلے ہفتے دو روزہ دورے پر 12 فروری کو واشنگٹن پہنچیں گے۔
انڈیا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندری مودی اگلے ہفتے امریکہ کے دورے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اُن گنے چنے عالمی رہنماؤں میں شامل ہوں گے جو صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکہ کا دورہ کریں گے۔
انڈٰیا کے سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ ’اس دورے سے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ دوطرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے لیے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدر ٹرمپ سے دوطرفہ تعلقات پر ملاقات بھی ہوگی۔
وکرم مسری نے کہا کہ ’حالیہ برسوں میں یہ ہماری مضبوط ترین بین الاقوامی پارٹنرشپس میں سے ایک ہے۔ اور وزیراعظم کا دورہ نئی امریکی انتظامیہ سے فوری رابطوں کے اسی سلسلے کی کڑی ہے۔‘
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے سنہ 2017 اور سنہ 2019 میں امریکہ کے دورے کیے تھے۔