4
ٹینس کے سابق عالمی نمبر ایک اور چوبیس گرینڈ سلیم چیمپئن نوواک جوکووچ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔
اے ٹی پی ماسٹرز 1000 انڈین ویلز کے دوسرے راؤنڈ میں نوواک جوکووچ کو نیدرلینڈز کے لکی لوزر نے شکست سے دوچار کردیا۔
ٹورنامنٹ میں ساتویں سیڈ جوکووچ کو 6-2، 3-6، اور 6-1 کے اسکور سے شکست ہوئی۔
یہ چوبیس گرینڈ سلیم چیمپئن نوواک جوکووچ کی مسلسل تیسری شکست ہے۔
جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنلز میں کارلوس الکاراز کو شکست دے کر امیدوں کو تقویت دی تھی، لیکن اس کے بعد میلبورن میں الیگزنڈر زیویروف اور دوحہ میں میٹیو بیرٹینی کے ہاتھوں ناکامی کے بعد انڈین ویلز میں بھی ان کا زوال جاری رہا۔
37 سالہ سرب ستارے نے گزشتہ سال صرف ایک ٹائٹل (اولمپک گولڈ) جیتا تھا اور 2017 کے بعد پہلی بار کوئی میجر ٹرافی نہیں جیت سکے۔
میچ کے بعد جوکووچ نے کہا “گزشتہ کچھ سالوں سے میری کارکردگی مطلوبہ سطح پر نہیں رہی۔ کبھی کبھار کچھ اچھے ٹورنامنٹس ہوتے ہیں، لیکن زیادہ تر جدوجہد ہی رہتی ہے۔”
دوسری جانب اسپین کے دوسرے سیڈ کارلوس الکاراز نے اپنے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز فرانسیسی کھلاڑی کوئنٹن ہیلز کو 6-4، 6-2 سے ہرا کر کیا۔