نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونا تھا لیکن اسٹیڈیم اور اس کے اطراف شدید بارش کی وجہ سے ٹاس اور میچ کا آغاز تاخیر سے ہونے کا امکان ہے۔
کرک انفو کے مطابق اس وقت نیویارک میں شدید بارش شروع ہو چکی ہے اور پورے میدان کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں ہیں لیکن ابھی تک میچ کے آغاز کے بارے میں کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا ہے اور بارش کی وجہ سے دونوں ٹیمیں میدان میں پریکٹس بھی نہیں کر پائیں گی۔
میچ میں ٹاس کا کردار انتہائی اہم ہو گا اور ٹاس جیتنے والی ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہو جائے گی جو ممکنہ طور پر پہلے باؤلنگ کر کے وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا کی ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوچکی ہے اور اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سمیت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف بھی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے آج لازمی فتح درکار ہے، گروپ اے میں امریکا دو میچز جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور بھارت آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔
تاہم، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھارت کے خلاف کم بیک کے لیے پرامید ہیں، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی ٹیم آج بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی، کھلاڑیوں کو آج کے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ پچھلا میچ بھلاکر اس پر فوکس کریں گے۔
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کی بات کریں تو یہ اب تک انتہائی خطرناک ثابت ہوئی ہے اور اس پچ سے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، البتہ بھارت اور آئرلینڈ کے میچ کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوگا۔