امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر میں تصادم کے بعد ہلاک ہونے والے 67 افراد میں سے 55 کی باقیات دریائے پوٹومک سے نکال لی گئی ہیں۔
شدید سرد موسم میں دریا سے ملبہ نکالنے کا عمل بھی جاری ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ غوطہ خور دریائے پوٹومک میں دیگر 12 افراد کی باقیات کی تلاش کر رہے ہیں۔
دریائے پوٹومک میں ریکوری کی کوششوں میں لگ بھگ 300 امدادی کارکن مصروف ہیں جب کہ نیوی کی بھاری مشینری بھی دریا سے ملبہ نکالنے میں مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دریائے پوٹومک سے تباہ شدہ طیارے اور ہیلی کاپٹر ملبہ بھی نکالا جائے گا۔
حکام کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے کا ایک حصہ ٹرکوں پر لاد کر ہوائی اڈے کے ایک مختص ہنگر میں لے کر منتقل کیا جائے گا جہاں اس بارے میں مزید تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو فضائی کمپنی ‘امریکن ایئر لائنز’ کے ایک مسافر طیارے سے امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تٹرا گیا تھا۔ حادثے میں جہاز میں سوار عملے کے چار ارکان سمیت 64 افراد اور ہیلی کاپٹر میں موجود تین فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ کے اطراف جمعے سے ہی ہیلی کاپٹرز کی پروازوں پر سختی سے پابندی عائد کر دی تھی۔