امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر فضا سے گرائی گئی امداد کے نتیجے میں شہریوں کی اموات کی رپورٹوں سے آگاہ ہیں تاہم یہ امریکی ایئر ڈراپس کا نتیجہ نہیں تھا۔
اردن کی فوج اور ایک امریکی دفاعی اہلکار دونوں نے اس بات کی تردید کی کہ ان کی جانب سے گرائی گئی امداد سے یہ تازہ ترین اموات ہوئی ہیں۔
اس ایئر ڈراپ آپریشن میں بیلجیئم، مصر، فرانس اور نیدرلینڈز بھی شامل تھے۔
غزہ سٹی کے الشفا اسپتال کے ایمرجنسی روم کے ہیڈ نرس محمد الشیخ نے بتایا کہ جمعے کو الشطی پناہ گزین کیمپ کے شمال میں فضا سے گرائی گئی امداد سے پانچ فلسطینی جان سے گئے اور 10 زخمی ہوئے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ اور ان کا بھائی ’آٹے کا ایک تھیلا‘ حاصل کرنے کی امید میں پیراشوٹ کے ذریعے گرائی گئی امداد کا پیچھا کر رہے تھے جب یہ سانحہ رونما ہوا۔
محمد الغول نے بتایا کہ ’اچانک انہوں نے دیکھا کہ امدادی سامان سے منسلک پیراشوٹ نہیں کھلے اور وہ راکٹ کی طرح نیچے لوگوں پر گر گئے۔‘