سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد روئے نے کہا ہے کہ ان کی والدہ شاید پھر کبھی سیاست میں واپس نہ آئیں۔
بی بی سی ورلڈ سروس سے گفتگو کرتے ہوئے حسینہ واجد کے بیٹے اور سابق چیف ایڈوائزر نے احتجاج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ان کی والدہ کی کوششوں کے باوجود ان عوام نے ان کے خلاف احتجاج کیا اور انہوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
سجیب واجد روئے نے کہا کہ میری والدہ نے ملک کو بدل کر رکھ دیا، جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو یہ ملک ایک ناکام ریاست مانا جاتا تھا اور آج اسے ایشیا کے ابھرتے ہوئے ٹائیگرز میں سے ایک تصور کیا جاتا تھا۔
انہوں نے مظاہرین سے جارحانہ رویہ اپنانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ پولیس اہلکاروں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالیں، صرف کل 13 اہلکاروں کو کل مار دیا گیا تو جب پجوم اہلکاروں کو پیٹ رہا ہو تو پھر آپ پولیس سے کیا توقع رکھتے ہیں۔