امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک خصوصی ویزا پروگرام کے حامی ہیں جو انتہائی ہنرمند افراد کو ملک میں داخل ہونے میں معاونت دیتا ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ’میں نے ہمیشہ (ایچ ون بی) ویزے کو پسند کیا ہے، میں ہمیشہ ویزوں کے حق میں رہا ہوں اسی لیے ہم انہیں (ٹرمپ کے زیرملکیت اداروں میں) رکھتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان ایچ ون بی ویزا پروگرام کے حوالے سے شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔
ایلون مسک نے غیرملکی ٹیک ورکرز کے لیے خصوصی ویزا پروگرام کا دفاع کیا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے روایتی حامی اس پروگرام کے مخالف ہیں۔
ایلون مسک جو خود ایچ ون بی ویزے کے ذریعے جنوبی افریقہ سے امریکہ آئے تھے، نے اس پروگرام کو امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔
ایلون مسک نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ بیرون ملک سے ایلیٹ انجینئرنگ ٹیلنٹ کو راغب کرنا امریکہ کی مسلسل جیت کے لیے ضروری ہے۔