اسپنر جومیل واریکن کی شاندر بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز 35 سال بعد پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے میں کامیاب ہوا ہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 1990 میں قومی ٹٰیم کو پاکستان میں شکست دی تھی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن 120 رنز سے جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں 1990 کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان میں پہلا ٹیسٹ جیتا ہے۔
کھیل کے تیسرے دن کے آغاز پر ہی سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ سلمان علی آگا 15 رنز پر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ ساجد خان 7، نعمان علی 6 اور محمد رضوان 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے بولر واریکن نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔
جومیل واریکن نے بحیثیت اسپنر دو میچز کی 4 اننگز کے دوران پاکستان کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 19 وکٹیں اپنے نام کیں۔
جومیل واریکن نے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 32 رنز کے عوض 7وکٹیں لی تھیں جو انکا اب تک بہترین اسپیل ہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے اسپنر اش سودھی نے 2023 میں پاکستانی سرزمین پر 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بے نتیجہ رہی تھی۔
شکست کے بعد عالمی ٹیسٹ چیمپئین شپ میں پاکستان آخری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے