امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ریاست پینسلوینیا میں انتخابی مہم کے دوران خطاب میں غیر قانونی تارکینِ وطن پر تنقید کی۔
ٹرمپ نے خطاب میں جرائم میں ملوث تارکینِ وطن کے حوالے سے کہا کہ وہ انہیں دیگر کے مقابلے میں بدتر قرار دیتے ہیں کیوں کہ وہ گھناؤنے جرائم میں یا تو سزا یافتہ ہیں یا ان پر اس کے الزامات ہیں جن میں بچوں سے جنسی جرائم، منشیات فروشی، جرائم پیشہ گروہوں کا رکن ہونا اور عورتوں کے حوالے سے جرائم شامل ہیں۔
ایک موقع پر سابق صدر نے تجویز پیش کی کہ وہ پولیس کے تشدد کو بھی نظر انداز کر سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’اگر ہم پنسلوینیا سے کامیاب ہو گئے تو ہم صدارتی الیکشن میں کامیاب ہو جائیں گے۔
قبل ازیں 2016 کے الیکشن کے لیے 2015 میں ان کے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی ہوئی تھی تو اس وقت انہوں نے پڑوسی ملک میکسیکو پر الزام لگایا تھا کہ وہ ریپ کرنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو امریکہ رہنے کے لیے بھیج رہا ہے۔
سابق صدر نے اپنے خطاب میں پینسلوینیا کی چارلوئی کی کمیونٹی کا ذکر کیا کہ وہ ہیٹی کے تارکینِ وطن سے مغلوب ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اور ان کے مشیروں میں متعدد کا خیال ہے کہ امریکہ کے صدارتی الیکشن میں سوئنگ اسٹیٹس قرار دی جانے والی سات ریاستوں میں پینسلوینیا سب سے اہم ہے اور یہی الیکشن میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔