امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا ’ٹروتھ سوشل‘ پر یمن کے حوثیوں پر حملے کی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے درجنوں حوثی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یمنی حوثی کبھی ہمارے بحری جہاز نہیں ڈبو سکیں گے۔
بلیک اینڈ وائٹ فوٹیج کسی ڈرون یا فوجی جنگی طیارے سے بنائی گئی ہے جس میں کئی لوگ ایک سڑک پر جمع دکھائی دیتے ہیں، چند ہی لمحوں میں ایک زور دار دھماکا ہوتا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ کی گئی ویڈیو پر کیپشن لکھا کہ ’یہ حوثی ایک حملے کے لیے ہدایات لینے کے لیے جمع ہوئے تھے، انہوں نے مزید لکھا کہ اب حوثی کبھی ہمارے بحری جہازوں کو ڈبو نہیں سکیں گے۔‘
رواں ہفتے حوثی میڈیا کی جانب سے درجنوں اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات دی گئی ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ امریکی حملوں کی وجہ سے پیش آئیں۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کا بدلہ لینے کے لیے امریکہ کے کمرشل اور فوجی جہازوں کو نشانہ بنایا تھا۔
حوثی حکومت کے اتحادی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی فضائی حملوں میں کم از کم 67 اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں، جن علاقوں میں امریکی حملے کیے گئے ان میں منصوریہ کے ضلع حدیدیہ، سعدہ، حاجا شامل ہیں۔
اب تک امریکی فوج کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کے حملوں میں حوثیوں کا کوئی اہم لیڈر بھی مارا گیا ہے یا نہیں، حالانکہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے ایک واٹس ایپ گروپ میں یمن میں حملوں کے دوران حوثیوں کے ایک لیڈر کے مارے جانے کا ذکر ملتا ہے۔
کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ منگل کو صرف ایک دن میں یمن پر 200 حملے کیے گئے۔
یمن پر فضائی بمباری کے لیے امریکا نے اے 10 تھنڈربولٹ ٹو کے ادھاؤ نیشنل گارڈز کے علاوہ 300 فضائیہ کے اہلکار طلب کرکے ان حملوں کی کمپین میں شامل کیے ہیں، تاکہ حوثی باغیوں کی جانب سے لاحق خطرات کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔