امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2028 میں تیسری بار صدارتی الیکشن لڑنے کا سگنل دے دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے اسٹور نے ٹرمپ 2028 ہیٹ( ٹوپی) متعارف کرادی ہے۔
78 برس کے صدر کے اسٹور کی جانب سے جاری یہ ہیٹ 50 ڈالر میں فروخت کیلئے پیش کردی گئی ہے۔
امریکی صدر کے بیٹے ایریک ٹرمپ کو یہ ہیٹ پہنے بھی دیکھا
ہیٹ کے ساتھ ابتدا میں لکھا گیا تھا کہ مستقبل شاندار نظر آتا ہے۔ ٹرمپ 2028 ہیٹ کے ساتھ قوانین کو پھر سے بنائیں۔ تاہم تحریر بعد میں تبدیل کردی گئی اور لکھ دیا گیا کہ میڈ ان امریکا 2028 کے ساتھ بیانیہ بنائیں۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ خود بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ تیسری بار الیکشن لڑنے کے امکان سے متعلق بات ازراہ مذاق نہیں کررہے ۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ وہ تیسری بار صدر بنیں اور اس کے طریقے موجود ہیں۔تاہم ابھی اس پر بات کرنا قبل ازوقت ہے۔
آئین کے تحت امریکی صدر دو بار سے زیادہ اس عہدے پر فائز نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 سے 2021 تک امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں جبکہ 2024 کے الیکشن کے بعد وہ دوسری بار صدر کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
امریکہ میں اگلا صدارتی الیکشن 2028 میں ہوگا۔