کینیڈا میں ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارہ برف سے اٹے رن وے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوئے تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ڈیلٹا ایئرلائنز کے جہاز میں 76 مسافروں کے علاوہ عملے کے چار ارکان بھی سوار تھے۔
ایئرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منی ایپولس سے آنے والا جہاز سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔
طبی سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے کے حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 17 افراد میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ جن میں ایک بچہ، ایک 60 سالہ شخص اور ایک 40 سالہ خاتون شامل ہیں۔
حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ حادثے کے بعد فوری امدادی کارروائی شروع کی گئی اور تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا، جس کے لیے ایمبولینسز اور ہیلی کاپٹر کو استعمال کیا گیا۔
ٹورنٹو ایئرپورٹ کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی کہ ’حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کام کر رہی ہیں اور مسافروں اور عملے کے ارکان کو نکالا جا رہا ہے۔‘
واقعے کے بعد دیگر تمام شیڈول پروازیں معطل کر دی گئیں۔
اسی طرح حادثے کا شکار ہونے والی ائیر لائن ڈیلٹا کی جانب سے بھی حادثے کے حوالے سے تصدیق کی گئی۔
ڈیلٹا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’حادثےمیں کوئی بھی شخص جان سے نہیں گیا۔
اتوار کو کینیڈا کے مشرقی حصے میں شدید برف باری ہوئی، درجہ حرارت بہت کم ہوا جبکہ پیر کو بھی موسم کافی سرد تھا اور بعض پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔