آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے بولرز کی محنت پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا۔
بولرز نے بھارتی ٹیم کو 19اووز میں 119 پر آؤٹ کیا، جواب میں پاکستانی بیٹسمین مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بناسکے اور اس طرح بھارت 6 رنز سے جیت گیا۔
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ شروع ہونے کے بعد بھارت نے پہلے اوور میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تو بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث پاک بھارت ٹاکرا روکا گیا، تاہم کچھ دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستانی بولرز نے عمدہ اسپیل کرائے۔
نسیم شاہ اور حارث رؤف سمیت قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کے سامنے کوئی بھی بھارتی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا۔
بھارت کی پوری ٹیم 19 اوور میں 119 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے روایتی سست روی دکھاتے ہوئے تو چل میں آیا کی پالیسی اپنائی اور وکٹیں گنواتے رہے، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بناسکے۔ محمد رضوان نے 44 گیندوں پر 31 رنز جب کہ عماد وسیم نے 23 گیندوں پر 15 رنز اسکور کیے۔