پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔
وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں کارروائی کے دوران نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے آپریشنل کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری کے تناظر میں کیا ہے۔ بیان کے مطابق شریف اللہ افغانستان کا شہری ہے اور ایک مطلوب دہشت گرد ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان عسکریت پسند گروپوں کو کسی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کے لیے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے اقدام کو روکنے پر یقین رکھتا ہے۔
’ہم دہشت گردی کے مظاہر سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔‘
منگل کے روز کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے انخلا کے دوران امریکی اڈے پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزم کی گرفتاری پر حکومتِ پاکستان کا ’خصوصی‘ شکریہ ادا کیا تھا۔