یورپی یونین کی سربراہ خارجہ امور کاجا کلاس نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اور صورتحال میں بہتری کے لیے بات چیت آگے بڑھائیں۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کلاس نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر کو ٹیلیفون کرکے خطے میں قیام امن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب سوئٹزرلینڈ نے پہلگام واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کردیا۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے یونان اور سوئٹزرلینڈ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
سوئس وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی آمادگی کو سراہا اور تحقیقات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔