امریکہ نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں پاکستان کی فوجی کارروائی کی رپورٹس سے آگاہ ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے کیمپ پر فضائی حملے کے دوران بچوں کی ہلاکت کی رپورٹس پر تشویش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں کے دوران دہشت گرد حملوں اور ٹی ٹی پی کے حالیہ حملوں میں بھاری جانی نقصان اُٹھایا ہے۔ لیکن ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ یہ یقینی بنائے کہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں عام شہری نہ مارے جائیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے بیان میں افغانستان میں طالبان حکومت پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی سر زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے تصدیق کی تھی صوبہ پکتیکا میں پاکستان کے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔
طالبان کی وزارتِ دفاع نے حملے کا جواب دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔