نیوزی لینڈ کی جانب سے بنگلہ دیش کو با آسانی ہرانے کے بعد کرکٹ شائقین کی یہ موہوم سی امید بھی دم توڑ گئی کہ پاکستان دعاؤں اور دوسری ٹیموں کے آسرے پر کسی طرح ٹورنامنٹ میں رہ سکتا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا سفر شروع ہوتے ہی اختتام پذیر ہوگیا اور ٹورنامنٹ میں مسلسل دو شکستوں کے ساتھ چھٹے روز ہی پاکستان کا سفر تمام ہوگیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں جب کہ پاکستان کے ساتھ بنگلادیش بھی چیمپئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے سے باہر ہوگیا۔
گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، بھارت نے گزشتہ روز یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
نیوزی لینڈ نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو شکست دی جب کہ آج بنگلہ دیش کو شکست دے کر مسلسل دوسرے میچ میں فتح حاصل کی جب کہ بھارت نے بھی اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔