پاکستان نے ایکس انڈس مشق کے تحت ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، ابدالی میزائل کی رینج 450 کلومیٹر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے 450 کلومیٹر کی رینج کے حامل ابدالی میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی میزائل کی رینج 450 کلومیٹر ہے، ابدالی میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میزائل کے تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا اور اہم تکنیکی پیرامیٹرز بشمول جدید نیوی گیشن سسٹم کو یقینی بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی ویپن سسٹم کے ٹریننگ لانچ کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ موجود تھے، ویپن سسٹم ٹریننگ لانچ تجربہ اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر حکام نے بھی دیکھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی اسٹرٹیجک تنظیموں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی ابدالی ویپن سسٹم ٹریننگ لانچ دیکھا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔