پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے وفاق سے محرم الحرام کے مخصوص ایام کے دوران سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی کو لکھے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنانے کے لیے چھ محرم سے گیارہ محرم تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز کو معطل کیا جائے۔
پنجاب حکومت نے جن سروسز کی بندش کی اپیل کی ہے ان میں فیس بُک، واٹس ایپ، انسٹاگرام، یوٹیوب، ایکس، ٹِک ٹاک اور دیگر شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کے مطابق سوشل میڈیا ایپ کی بندش کی سفارش کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان نے کی ہے۔
اس کمیٹی میں پانچ وزراء کے علاوہ، آئی جی پنجاب، سیکریٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات اور مختلف ایجنسیوں کے ارکان شامل ہیں۔
کابینہ کی کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس گزشتہ روز وزیرِ صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت محکمۂ داخلہ پنجاب میں ہوا تھا۔
کمیٹی کے سربراہ خواجہ سلمان کے بقول، پنجاب میں امن و امان کی صورتِ حال تسلی بخش ہے اور تمام ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔