پوپ فرانسس پیر کی صبح 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ویٹی کن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ’’آج صبح 7 بج کر 35 منٹ پر روم کے بشپ فرانسس اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔‘‘
ویٹی کن کے کارڈنل کیون فیریل نے ویٹی کن کے ٹیلیگرام چینل پر جاری کردہ بیان میں کہا، ’’میرے عزیز بھائیو اور بہنو! گہرے دکھ کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ ہمارے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا انتقال ہو گیا ہے۔‘‘
پوپ فرانسس نے ایک روز قبل یعنی اتوار کو ایسٹر کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں مختصر لیکن پرامید ظاہری شرکت کی تھی جسے عوام نے بے حد سراہا۔
اتوار کو انہوں نے کھلی گاڑی میں ویٹی کن پہنچ کر عوام کو ایسٹر کی مبارکباد دی اور اپنے روایتی خطاب ’’ارب اور اوربی‘‘ میں اظہارِ آزادی، رواداری اور امن پر زور دیا۔
ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے جارج ماریو برگولیو 13 مارچ 2013 کو پوپ منتخب ہوئے تھے۔ وہ ہمیشہ سادگی اور عاجزی کا مظہر رہے، حتیٰ کہ انہوں نے اپنے پیشروؤں کی طرح شاہی رہائشگاہ میں رہنے کی بجائے کمیونٹی رہائش کو ترجیح دی۔
انہوں نے چرچ میں موجود جنسی زیادتی اسکینڈلز اور اندرونی رسہ کشی سے نبرد آزما ہوتے ہوئے اصلاحات کی کوشش کی۔ اگرچہ انہیں قدامت پسند حلقوں کی تنقید کا سامنا رہا، وہ عوامی سطح پر ایک سپر اسٹار کی حیثیت سے ابھرے۔
ان کے پیشرو پوپ بینیڈکٹ 2013 میں مستعفی ہو کر ویٹی کن ہی میں مقیم رہے، جن کا انتقال دسمبر 2022 میں ہوا۔
پوپ فرانسس نے 80 فیصد کارڈنل الیکٹرز کا تقرر خود کیا تھا، جو اگلے پوپ کا انتخاب کریں گے، جس سے امکان ہے کہ ان کی پالیسیوں کو تسلسل ملے گا۔