پاکستان تحریک انصاف نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے پارٹی کے کیسز سے الگ ہونے کا مطالبہ کردیا۔
مرکزی ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھاکہ کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پی ٹی آئی کے کیسز سے الگ ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ اس معاملے پر سپریم کورٹ سے کب رجوع کرنا ہے، اس کا حتمی فیصلہ لیگل ٹیم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے کچھ ارکان کو بانی پی ٹی آئی کے ایکس پر جاری وڈیو کے ایک حصے پر اعتراض تھا، بانی ٹی آئی کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات میں شامل ہوں گا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کے اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان کی ویڈیو اپ لوڈنگ کے معاملے میں مزید پیش رفت ہوئی۔
ایف آئی اے نے بیرسٹر گوہر، عمرایوب اور رؤف حسن کو بھی نوٹس جاری کر دیئے، تینوں پی ٹی آئی سینئر رہنماؤں کو منگل کو ایف آئی اے نے 11 بجے انکوائری کیلئے بلا لیا۔
نوٹس بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری پر جاری کئے، نوٹس کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔
متن میں مزید کہا گیا اس اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔