امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’64 افراد کو لے جانے والے مسافر طیارے کے ساتھ فضا میں ٹکرانے والا ہپلی کاپٹر ‘ناقابل یقین طور پر‘ غلط سمت میں محو پرواز تھا۔
جمرات کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’ہیلی کاپٹر جس سمت میں جا رہا تھا وہ ’ناقابل یقین حد تک غلط‘ تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حادثے کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک بری صورت حال تھی، جس سے بچا جا سکتا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’جہاز بالکل درست انداز میں ایئرپورٹ کی طرف جا رہا تھا، جبکہ ہیلی کاپٹر کافی دیر تک جہاز کی طرف جاتا دکھائی دیتا رہا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ ’رات کے وقت مطلع صٓف تھا اور جہاز کی لائٹس جل بجھ رہی تھیں، ہیلی کاپٹر نے اوپر، نیچے یا ایک طرف ہونے کی کوشش کیوں نہیں کی۔ کنٹرول ٹاور نے ہیلی کاپٹر کو کیوں نہیں بتایا کہ کیا کرنا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ کنٹرول ٹاور کو ہیلی کاپٹر سے یہ پوچھنے کے بجائے کہ اسے طیارہ نظر آ رہا ہے، یہ بتانا چاہیے تھا کہ اسے کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت بری صورتِ حال ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس صورتِ حال سے بچا جا سکتا تھا۔
طیارہ حادثے کے بعد وائٹ ہاؤس نے ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق صدر ٹرمپ کو واشنگٹن طیارہ حادثے پر بریفنگ دی گئی ہے اور صدر خود صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست کنساس سے واشنگٹن ڈی سی آنے والا مسافر طیارہ بدھ کی شب تقریباً نو بجے رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر دریائے پوٹومک میں گر گیا تھا۔