پاکستان کے شورش زدہ صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 10 جوان ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی خان اور سول انتظامی عہدیداروں کے مطابق عسکریت پسندوں نے جمعرات کی شب تحصیل درازندہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی زام چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
چیک پوسٹ میں ایف سی کے محسود اسکاؤٹس کے اہلکار تعینات تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کا یہ حملہ اتنا شدید تھا کہ زیادہ تر اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک جونیئر کمیشن افسر بھی شامل ہے۔
ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق حملے میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اب تک واقعے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے اور نہ ہی عسکریت پسندوں کے کسی گروہ یا جنگجوؤں نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
تاہم ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق جان کی بازی ہارنے والے جوانوں نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے چھ جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جب کہ چار کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔