ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں 15 مقامات پر حملے کی خبر جھوٹ ہے، مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کر رہی ہے، تاہم جب پاکستان حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائے دے گی، بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا لیکن پوری دنیا جان جائے گی۔
وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر میڈیا کو بریفنگ دی۔
لفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ آدم پور سے 4 میزائل فائر ہوئے، ان میں سے ایک پروجیکٹائل (میزائل) انہوں نے خود امرتسر میں گرایا، باقی 2 بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئے، ان میں سے ایک کو ڈنگہ پر مار گرایا گیا، جس کا فرانزک کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر ہماری گہری نظر ہے اور ہر متحرک شے کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اسے گرایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ شب اس طرح کے 3 میزائل بھارت نے خود اپنی حدود میں امرتسر میں گرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آنا ہوگا، کیا بھارتی حکومت واقعی 21ویں صدی میں جی رہی ہے یا نہیں۔ بھارت کا یہ دعویٰ سفید جھوٹ ہے کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملہ کیا ہے، کوئی بھی میزائل جب چلایا جاتا ہے تو وہ اپنے ڈیجیٹل نشانات چھوڑتا ہے، اگر 15 مقامات پر حملہ کیا جاتا تو اس کے شواہد ضرور ہوتے۔
مزید کہا کہ ’اگر بھارت نے 15 مقامات پر پاکستانی میزائل مار گرائے تو پھر وہ اپنے 5 طیاروں کو کیسے نہ بچاسکا؟ بھارتی حکومت ملکی سطح پر اپنے فائدے کے لیے ڈراما کر رہی ہے جس سے اسے گریز کرنا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس آئی نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو پھر بھارتی میڈیا کو اس کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ دنیا خود ہی جان جائے گی، پاکستان جب حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائے دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں داخل ہونے والے تمام ڈرونز کو بھی دیکھ لیا گیا تھا اور پھر 29 ڈرونز کو مار گرایا، تاہم ایک ڈرون کے حملے میں ہمارے 4 جوان زخمی ہوئے، ڈرون حملوں میں 3 شہریوں کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں اور 4 زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رافیل طیاروں کا ملبہ بھارت نے خود اکٹھا کیا تھا مگر ڈرونز کا ملبہ ہم نے جمع کیا ہے، یہ ایسے ہی ہے 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات کو چائے ہم نے خود وہاں بھجوائی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے، ہم نے یہ ڈرون بھی مار گرایا، سوال یہ ہے کہ بھارت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے؟