کرکٹرز کے رُوپ میں ملائیشیا جانے کی کوشش کرنے والے 15 بنگلہ دیشی باشندے گرفتار کر لیے گئے۔
دی ملائیشین بارڈر کنٹرول اینڈ پروٹیکشن ایجنسی (اے کے پی ایس) کے مطابق گرفتار ہونے والا گروہ ایجنسی آفیسرز کو دھوکہ دے کر ملائیشیا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
اس گروہ نے کرکٹ کی کِٹ پہنی ہوئی تھی اور کرکٹ ٹورنامنٹ کا لیٹر بھی اُن کے پاس تھا۔
اے کے پی ایس کے مطابق مبینہ طور پر یہ لیٹر پینانگ کرکٹ ایوسی ایشن کی جانب سے جاری کیا گیا تھا جو کہ جعلی ثابت ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 21 مارچ سے 23 مارچ تک کوئی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ شیڈول نہیں ہے۔
اے کے پی ایس نے مزید بتایا کہ اس گروہ کے بارے میں شبہات اس وقت بڑھ گئے جب انہوں نے اسپانسر کو ضامن بنانے کی کوشش کی۔
جس اسپانسر کو ضامن بنانے کی کوشش کی گئی اُس کے علم میں کسی بھی کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی کوئی خبر نہیں تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش سے پتا چلا کہ گروہ کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے کہ وہ کرکٹرز ہیں۔
اس گروپ کو ناٹ ٹو لینڈ (این ٹی ایل) کی فہرست میں ڈالا گیا ہے اور اِن کے خلاف امیگریشن قوانین کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔