بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد اپنا دو روزہ دورہ سعودی عرب مختصر کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جدہ میں سعودی عرب کی طرف سے دیے گئے سرکاری عشائیے میں شرکت نہیں کی۔
نئی دہلی کی وزارت خارجہ کے مطابق نریندر مودی اور سعودی ولی عہد نے پہلگام حملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سعودی عرب سے واپسی کے بعد بدھ کی صبح کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کا اجلاس ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل نریندر مودی کو وزیر داخلہ امت شاہ نے پہلگام میں حملے کے بارے میں بریفنگ دی تھی، جبکہ انہوں نے امیت شاہ سے کہا تھا کہ وہ تمام مناسب اقدامات کریں اور جائے وقوعہ کا دورہ کریں۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں نریندر مودی نے کہا کہ حملہ آوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں پہلگام میں حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، اور ان لوگوں کے لیے تعزیت کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا، میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر کہا: ’اس بزدلانہ حملے کے پیچھے جو بھی ہیں، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہیں بخشا نہیں جائے گا! ان کا گھناؤنا منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور مزید مضبوط ہو گا۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر بھارت کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا: ’کشمیر سے آنے والی خبریں انتہائی افسوس ناک ہیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف انڈیا کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘