امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ کمرشل عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔
حادثہ لاس اینجلس شہر سے 40 کلومیٹرز دور فلرٹن میونسیپل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا۔
فلرٹن کے پولیس حکام نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ حادثے میں 2 افراد مارے گئے جب کہ 10 دیگر افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا، علاوہ ازیں 8 افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی۔’
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ ایک چھوٹا چار نشستوں والا ’وینز آر وی-10‘ ماڈل تھا۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں طیارہ گرنے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
29 دسمبر کو جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ لینڈنگ گیئر نہ کھلنے کے باعث رن وے پر پھسلنے کے بعد موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ عملے کے 2 ارکان کو بچالیا گیا تھا۔
اس سے قبل 25 دسمبر کو آذربائیجان ایئرلائنز کا مسافر طیارہ 67 افراد سمیت قازقستان میں گر کر تباہ ہوا، جہاز میں سوار 32 مسافروں کو بچالیا گیا تھا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک تھی۔