مغربی افریقہ کے ملک گنی میں فٹ بال میچ کے دوران ریفری کے متنازع فیصلے کے بعد پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 56 افراد ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ہلاکتیں گنی کے فوجی رہنما ماماڈی ڈومبویا کے اعزاز میں ملک کے بڑے شہروں میں سے ایک نزیریکور کے اسٹیڈیم میں ایک ٹورنامنٹ کے فائنل کے دوران ہوئیں۔
حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ شائقین نے پتھر پھینکے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا، اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔
گنی میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے شہری انتظامیہ کے ایک سیئر افسر نے بتایا کہ ’مرنے والوں میں زیادہ تر تعداد کم عمر افراد کی ہے، جو ہنگامے شروع ہونے کے بعد پولیس کی شیلنگ کے دوران وہاں پھنس گئے تھے‘۔
آن لائن شیئر کی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر میں متاثرین کو زمین پر قطار میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے، ایک ویڈیو میں ایک درجن سے زائد لاشوں کو دیکھا جا سکتا ہے جن میں سے کئی بچے ہیں، تاہم رائٹرز فوری طور پر اس فوٹیج کی تصدیق نہیں کر سکا۔
حزب اختلاف کے گروپ نیشنل الائنس فار چینج اینڈ ڈیموکریسی کا کہنا ہے کہ حکام نے ڈومبویا کے لیے سیاسی حمایت بڑھانے کے لیے ٹورنامنٹس کے انعقاد کی ذمے داری قبول کی ہے جو صدارتی انتخابات سے قبل کیے گئے عبوری چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
گنی کی فوجی حکومت کی جانب سے اس الزام پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آسکا۔