30
نیویارک کی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہش منی کیس میں سزا سنانے کی تاریخ کو انتخابات کے بعد تک مؤخر کر دیا ہے۔
جج جان ایم مرچن نے ٹرمپ کو سزا سنانے کے لیے نئی تاریخ 26 نومبر مقرر کی ہے۔
جج مرچن نے فیصلے میں لکھا کہ وہ سزا کی تاریخ کو اس لیے مؤخر کر رہے ہیں کیوں کہ وہ اس تاثر کی نفی کرنا چاہتے ہیں کہ مدعا علیہ جو آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے امیدوار ہے اس کی وجہ سے عدالتی کارروائی متاثر ہوئی ہے یا متاثر ہو سکتی ہے۔
جج نے لکھا کہ “عدالت شفاف، غیر جانبدار اور غیر سیاسی ادارہ ہے۔”
ہش منی کیس میں سابق صدر کو رواں ماہ 18 ستمبر کو سزا سنائی جانی تھی۔
ٹرمپ کے وکلا کا مؤقف تھا کہ سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کو اس موقع پر سزا سنانا جب وہ وائٹ ہاؤس کے دوبارہ حصول کی مہم میں شریک ہیں، الیکشن میں مداخلت کے زمرے میں آئے گا۔
ٹرمپ کو فحش فلموں کی سابق اداکارہ کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق جعلی کاروباری ریکارڈ کے 34 الزامات کا سامنا ہے۔ یہ رقم 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ادا کی گئی تھی۔
سابق پورن اداکارہ اسٹورمی ڈینئل کا دعویٰ ہے کہ ان کے ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔ تاہم ٹرمپ ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکہ کے وفاقی جج نے منگل کو ٹرمپ کی اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس میں عدالت سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ریاستی عدالت کے جج مرچن سے ہش منی کیس لے لیں۔