چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے ’دی میٹ 70‘ سیریز اسمارٹ فون لانچ کیے ہیں۔
ہواوے کے بزنس گروپ کے چیئرمین رچرڈ یو کے مطابق یہ فونز آج تک کے سب سے طاقتور میٹ فونز ہیں۔
ہواوے کی اس سیریز میں تین فون شامل ہیں: دی میٹ 70، دی میٹ 70 پرو اور دی میٹ 70 پرو پلس۔
ان کی قیمت قریب 760 ڈالز (دو لاکھ 12 ہزار روپے) سے شروع ہے۔
رچرڈ یو کے مطابق میٹ 70 پہلا مین سٹریم اسمارٹ فون ہے جس میں سیٹلائٹ پیجنگ سسٹم شامل ہے۔
اس کے علاوہ میٹ 70 سیریز میں میٹ 60 سیریز سے بہتر پروسیسر ہے اور یہ ہواوے کے اپنے بنائے آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس نیکسٹ (HarmonyOS NEXT) پر چلتا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ سب چیزیں مل کر میٹ 70 فونز کی کارکردگی کو جو پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں مجموعی طور پر 40 فیصد بہتر بناتی ہیں۔
ان ڈیوائسز کی خصوصیات میں سے سب سے نمایاں فیچر ایئر ٹرانسمیشن فائل شیئرنگ ٹیکنالوجی ہے۔
اس فیچر کے ذریعے بنا کسی کنیکشن کے، ہواوے کی ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر فائلز منتقل کی جا سکتی ہے۔
یہ فیچر ہواوے کے بنائے آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس نیکسٹ میں موجود اے آئی جیسچر ایئر ڈراپ (AI Gesture AirDrop) اور ہمیشہ آن رہنے والے کیمرے کی مدد سے کام کرتا ہے۔
دی میٹ 70 کی لانچ کی تقریب کے دوران رچرڈ یو نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکھایا گیا کہ کیسے فیچر کی مدد سے صارفین موبائل فون کی سکرین پر موجود مواد کو محض ہتھیلی کے اشارے کا استعمال کرتے ہوئے ہوا میں پکڑ کر کسی دوسرے ڈیوائس پر باآسانی منتقل کر سکیں گے۔
میجک جیسچر آپریشنز کی مدد سے دیگر کام بھی کیے جاسکتے ہیں جیسے ای بک کے صفحات پلٹنا، ایک ایپ سے دوسری ایپ پر جانا یا چیزیں سلیکٹ کرنا وغیرہ۔