یمن کے حوثیوں نے اسرائیلی شہر تل ابیب کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
یمنی حوثیوں کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر 2 بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔
ان کہنا تھا کہ غزہ کی حمایت جاری رکھیں گے اور اسرائیلی حملے ہمیں جواب دینے سے نہیں روک سکیں گے۔
حوثی ملیشیا کے سربراہ عبد الملک الحوثی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ کھلی جنگ میں ہے۔
الحوثی نے باور کرایا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب تل ابیب پر ہونے والے بیلسٹک میزائل حملے کے بعد اسرائیلی طیاروں نے یمن کی سالف بندرگاہ اور توانائی کے انفرا اسٹرکچرز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایک ویڈیو پیغام میں اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے اعلان کیا کہ حوثی عالمی خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے پیچھے ایرانی حکومت ہے جو اس گروپ کی سرگرمیوں کی مالی معاونت، اسلحے اور رہنمائی سے مدد کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں کسی بھی ایسے شخص کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے جو اسرائیل کی ریاست کو دھمکی دیتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی فوج نے حوثیوں کے فوجی اہداف پر فضائی حملے کئے، جن میں خاص طور پر بندرگاہیں اور توانائی کا بنیادی ڈھانچہ شامل تھا۔