امریکی فوج نے کہا ہے کہ یمن کے دارالحکومت میں حوثیوں کے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جو ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا امریکی جنگی جہازوں اور تجارتی جہازوں پر حملے کے لیے استعمال کرتی تھی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکوم) نے منگل کو کہا ہے کہ یہ حملے پیر کو امریکی بحریہ کے جہازوں اور طیاروں کے ذریعے کیے گئے جنہوں نے یمن کے حوثیوں کے زیرِکنٹرول ساحلی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی بحریہ اور فضائیہ کے طیاروں نے بحیرہ احمر کے اوپر سات کروز میزائلوں اور ڈرون کو بھی تباہ کیا۔
کسی بھی واقعے میں امریکی فورسز کا کوئی بھی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
حوثیوں کے ترجمان محمد عبد السلام نے ان حملوں کو امریکی جارحیت قرار دیتے ہوئے ایک آزاد ریاست کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور اسرائیل کی کھلم کھلا حمایت قرار دیا ہے۔
قبل ازیں منگل کو اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک میزائل کو مار گرانے کے بیان کے کئی گھنٹوں بعد حوثیوں نے کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیل پر دو میزائل داغے ہیں۔
حوثی باغی اسرائیل، بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں بحری جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کر رہے ہیں۔ ان حملوں کے بارے میں ان کا موقف ہے کہ یہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔