کینیڈا نے حریف امریکی ٹیم کو آئس ہاکی کے فائنل میچ میں 3-2 سے شکست دے دی ہے۔
بوسٹن میں ہونے والے فور نیشنز فیس آف ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹیم کینیڈا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکہ کو 3-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
کینیڈین فارورڈ نیتھن میکنن نے پہلے پانچ منٹ میں ہی گول داغ کر ٹیم کو برتری دلا دی۔ ان کا زبردست شاٹ امریکی گول کیپر کونر ہیلبک کو چکمہ دے کر نیٹ میں جا پہنچا۔ اس گول پر تھامس ہارلی اور سیم رائن ہارٹ نے اسسٹ کیے۔
پہلے پیریڈ کے آخری لمحات میں امریکہ نے برابری حاصل کر لی۔ برائیڈی ٹکاچک نے گول اسکور کیا، جس میں ٹیم کے کپتان آسٹن میتھیوز کا بھی اہم کردار رہا۔
دوسرے پیریڈ میں امریکہ نے مزید برتری حاصل کر لی۔ جیک سینڈرسن نے سات منٹ 32 سیکنڈ پر ری باؤنڈ پر گول کر کے اسکور 2-1 کر دیا۔
کینیڈا کی شاندار واپسی
سیم بینیٹ نے شاندار شاٹ کے ذریعے کینیڈا کو میچ میں واپس لاتے ہوئے اسکور 2-2 کر دیا۔
تیسرے پیریڈ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، لیکن کوئی بھی گول نہ کر سکی اور یوں میچ اوور ٹائم میں داخل ہو گیا۔
اوور ٹائم میں محض آٹھ منٹ 18 سیکنڈ بعد کینیڈین کپتان کونر میک ڈیوڈ نے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کا چیمپئن بنا دیا۔
کینیڈین گول کیپر جارڈن بننگٹن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 31 سیوز کیے، جبکہ نیتھن میکنن کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ جیت زیادہ تر کینیڈین کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تھی، کیونکہ ان میں سے زیادہ تر کھلاڑی پہلی بار کینیڈا کی جرسی میں میڈل حاصل کر رہے تھے۔ جیسے ہی کینیڈین قومی ترانہ “او کینیڈا” بجایا گیا، پورے ٹی ڈی گارڈن اسٹیڈیم میں اس کی گونج سنائی دی۔