آئی ایم ایف نے پروٹیکٹڈ صارفین کے گیس ٹیرف میں 100 فیصد اضافے کا حکم دیدیا ۔
حکام جنوری 2024 سے ملک بھر میں 57 فیصد پروٹیکٹڈ رہائشی صارفین کی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے آپشن پر کام کررہے ہیں جیساکہ گیس سسٹم کو پروٹیکٹڈ گیس صارفین کی وجہ سے اب بھی 100ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔
یکم نومبر 2023سے نافذالعمل گیس ٹیرف کے تازہ ترین نوٹیفکیشن میں پروٹیکٹڈ گیس صارفین کو میٹر چارجز میں 10 روپے سے 400روپے ماہانہ تک اضافے کے علاوہ کسی بھی قسم کے ٹیرف میں اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
جنوری 2024سے حکام پروٹیکٹڈ صارفین کی گیس کی قیمتوں میں 100فیصد اضافہ کرنا چاہتے ہیں جس سے 100 ارب روپے کے خسارے میں 50 فیصد کمی آئے گی۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے مزید اضافہ یکم جولائی 2024 سے نافذ کیا جائے گا تاکہ بقیہ 50 ارب روپے کے نقصان کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایم ایف یہ بھی چاہتا ہے کہ حکومت فرٹیلائزر جوائنٹس (سوئی ناردرن سسٹم میں اینگرو فرٹیلائزر اور سوئی سدرن میں فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ) پر دی جانے والی 27 ارب روپے کی کراس سبسڈی کو ختم کرے۔