نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ اٹھا دیا
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارتی افواج کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے، کئی کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کردیا، کئی کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن قائم کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر حل ہونا ضروری ہے،یو این ملٹری آبزرور گروپ کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے، جموں کشمیر کا مسئلہ سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے، کشمیر کا مسئلہ استصواب رائے سے حل کرنے کی قرار داد منظور ہوچکی ہے۔عالمی برادری بھی بھارت پر زور دے کہ امن کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرے اور اسٹریٹیجک عدم توازن پیدا نہ ہونے دے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں انتہاء پسند گروپ سرگرم ہیں، ایسی تحریکوں کو کچلنا ہوگا، بھارت میں آر ایس ایس کے دہشت گرد مسلمانوں اور مسیحیوں کیلئے خطرہ ہیں،بھارت خطے میں انتہاپسندی کو فروغ دے رہا ہے، دنیا کو دہشتگردی بشمول بھارت جیسی ریاستی دہشتگردی کو ختم کرنا ہوگا، افغانستان سے ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر گروپ پاکستان پر حملے کرتے ہیں۔